نومبر 4, 2026

اسلام آباد: سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ کو فیملی کورٹ سے خلع کی ڈگری جاری

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی فیملی کورٹ نے سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ حمیرا طیبہ کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کرتے ہوئے دونوں کے درمیان نکاح ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

فیملی کورٹ کی جج امبرین اقبال نے حمیرا طیبہ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ مزید ازدواجی زندگی گزارنے پر آمادہ نہیں تھیں اور عدالت میں طرفین کے درمیان مصالحت کی تمام تر کوششیں ناکام ہونے کے بعد خلع کی ڈگری جاری کی گئی۔

عدالتی کارروائی کے دوران خاتون نے بیان حلفی جمع کروایا جس میں انہوں نے شوہر کے ساتھ رہنے سے واضح انکار کا اظہار کیا، جس کی بنیاد پر نکاح خلع کے تحت ختم کر دیا گیا۔

حق مہر کے معاملے پر عدالت نے قرار دیا کہ دونوں فریقین کا ایک دوسرے پر کوئی دعویٰ باقی نہیں رہا، جبکہ بچوں کے نان نفقہ، غیر شادی شدہ بیٹیوں کے اخراجات اور دیگر استدعا سے متعلق باقی دعویٰ واپس لیے جانے پر خارج کر دیا گیا۔

سیشن کورٹ کی فیملی کورٹ نے خلع کی ڈگری کی مصدقہ نقل شوہر اور متعلقہ یونین کونسل کو فوری بھجوانے کا بھی حکم جاری کیا ہے۔