نومبر 4, 2026

ڈنگہ: انجینئر مرزا محمد نعیم مسلسل ساتویں مرتبہ پی بی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے بلا مقابلہ ممبر منتخب

ڈنگہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (PBA) کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس منعقدہ 2 نومبر میں آواز گروپ آف ریڈیوز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو اور ڈنگہ کی معروف شخصیت انجینئر مرزا محمد نعیم نے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا۔ انہیں ملک بھر کے براڈکاسٹرز کے اعتماد اور حمایت سے مسلسل ساتویں مرتبہ بلا مقابلہ ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز منتخب کر لیا گیا۔ کراچی میں منعقدہ اجلاس کے دوران ہونے والا یہ انتخاب انجینئر مرزا محمد نعیم کی براڈکاسٹنگ انڈسٹری کے لیے طویل خدمات، تجربے اور شعبے میں ان کے کردار پر اعتماد کا اظہار ہے۔ وہ پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں مسلسل سات مرتبہ منتخب ہونے والی پہلی شخصیت ہیں۔ انجینئر مرزا محمد نعیم ریڈیو کیٹیگری کی نشست پر منتخب ہوئے، جہاں بورڈ میں نمائندگی کے لیے مجموعی طور پر پانچ نشستیں مختص ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کے قیام، جدید تکنیکی نظام کے فروغ اور براڈکاسٹنگ انڈسٹری کی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ وہ ریڈیو آواز کے بانی اور سربراہ ہیں، جس کا نیٹ ورک ملک کے درجنوں شہروں میں کامیابی سے اپنی نشریاتی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انجینئر مرزا محمد نعیم کا شمار پاکستان کے ان ماہرین میں ہوتا ہے جنہوں نے ملک کے علاوہ بیرونِ ملک بھی ریڈیو اسٹیشنز کی تنصیب اور تکنیکی ترقی کے متعدد منصوبے مکمل کیے ہیں۔ ان کا مسلسل ساتویں مرتبہ منتخب ہونا نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف ہے بلکہ ڈنگہ کے لیے بھی باعثِ اعزاز ہے۔ ان کی کامیابی پر اہلِ ڈنگہ اور براڈکاسٹنگ سے وابستہ حلقوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر انجینئر مرزا محمد نعیم نے کہا کہ وہ آئندہ بھی پاکستان میں ریڈیو انڈسٹری کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور براڈکاسٹنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔