نومبر 4, 2026

ملتان: ستائیسویں خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ میں بلوچستان، اسلام آباد اور جی ایف کی فتوحات

پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیرِ اہتمام ملتان میں جاری ستائیسویں خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کے دوسرے روز بلوچستان، اسلام آباد اور جی ایف اسپورٹس نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

چیمپئن شپ کے دوسرے روز کھیلے گئے میچز میں بلوچستان نے گلگت بلتستان کو 18-0 کے واضح فرق سے شکست دی، جبکہ اسلام آباد نے ایک انتہائی سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد پاکستان پولیس کو 8-7 رنز سے ہرا دیا۔ ایک اور میچ میں جی ایف اسپورٹس نے پنجاب کو 2-1 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے اپنی پوزیشن مضبوط کی۔

دوسرے روز کے میچز کے مہمانِ خصوصی میجر علی طاہر تھے، جن کی آمد پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر ڈاکٹر محمد حمود لکھوی، سیکرٹری جنرل طاہر محمود اور آرگنائزنگ سیکرٹری جمیل کامران نے ان کا پرجوش استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔

اس موقع پر فیڈریشن کے نائب صدر حیدر لیری، وومن ممبر عائشہ ارم، چیئرمین کوچنگ کیپٹن (ر) سرفراز احمد، چیف ٹیکنیکل آفیشل ظفر حسین وڑائچ، نیشنل ٹیم کے کوچ ندیم سجاد شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس ایم آئی ٹی ظفر شیروانی، فیڈریشن کے میڈیا ڈائریکٹر پرویز احمد شیخ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

ان میچز کی سپروائزری کے فرائض ظفر حسین وڑائچ، چوہدری ساجد، مخدوم مظفر عالم، عمران احمد مغل، زہیب ملک، طارق پاشا، زبیر وٹو، عبدالمجید، عنایت اللہ نیازی اور جاوید علی نے انجام دیے۔