نومبر 4, 2026

پاکستان کا پہلے مقامی ساختہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے ‘فاذ’ میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے پہلے مقامی ساختہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے ‘فاذ’ میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فضا سے فضا میں مار کرنے والا فاذ میزائل مکمل طور پر ملک کے اندر تیار کیا گیا ہے جو کہ جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فاذ میزائل طویل فاصلے تک دشمن کے اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ میزائل قومی ایئروسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل ہے، فاذ میزائل پاک فضائیہ کی آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرے گا اور ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن کو مزید مضبوط بنائے گا۔ یہ کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خودانحصاری کو اجاگر کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کامیاب تجربے کا مشاہدہ پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔

اس عظیم کامیابی پر صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس نے میزائل کی تیاری میں شامل تمام سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے اور ان کی خدمات کو سراہا ہے۔