کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات، ڈاکٹر سید عطاء المُنعم کا گزشتہ رات بغیر پیشگی اطلاع تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کھاریاں اور گورنمنٹ ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ کا تفصیلی دورہ۔
سرپرائز دوروں کا مقصد ہیلتھ ڈیلیوری سسٹم کے تسلسل کو مضبوط اور یقینی بنانا، نیز موجود خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام الناس کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس سلسلے میں سی ای او ہیلتھ نے رات 11:30 بجے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کھاریاں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عملے کی حاضری چیک کی اور ایمرجنسی سروسز بشمول لیبر روم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کے علاج معالجے کے چارٹس کا بغور معائنہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز کے نوٹس کو تسلی بخش قرار دیا۔ لیبر روم کی صفائی اور زیر استعمال آلات کی مکمل فعالیت کے حوالے سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے رپورٹ طلب کی گئی۔
بعد ازاں رات 12:15 بجے سی ای او ہیلتھ نے گورنمنٹ ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ کا دورہ کیا، جہاں ایمرجنسی سروسز اور لیبر روم کا معائنہ کیا گیا۔ ڈیلیوری کے بعد بروقت صفائی نہ ہونے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے وضاحت طلب کی گئی۔
سی ای او ہیلتھ نے واضح کیا کہ مریضوں کی نگہداشت میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ ڈریس کوڈ پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔





