جولائی 17, 2026

جہلم کی خوبصورتی اور تحصیل روڈ کے مسائل پر پیش رفت: جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کا سول سوسائٹی آرگنائزیشن فورم سے مکمل تعاون اور شہری تحفظات دور کرنے کا عزم

سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا سے ) سابق ناظم چتن چوہدری عجائب نے اپنے رہائش گاہ واقع روہتاس روڈ پر سول سوسائٹی آرگنائزیشن فورم اور انجمن شہریان جہلم کے اعزاز میں ایک اہم اجلاس کا اہتمام کیا جس میں شہر کی ممتاز شخصیات، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے مہمانِ خصوصی جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی تھے جبکہ اجلاس کی صدارت بانی سول سوسائٹی آرگنائزیشن فورم محمد غیاث بلبن اور ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے مشترکہ طور پر کی۔ مہمانوں کا پرتپاک استقبال محمد غیاث بلبلن، ڈاکٹر حفیظ الرحمان، سید عدیل احمد، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زاہد حسین بٹ، چوہدری عجائب سمیت دیگر معززین نے کیا۔

اجلاس کا بنیادی ایجنڈا جہلم کی خوبصورتی، مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصاً تحصیل روڈ پر ماڈل بازار کے قیام اور اس کے باعث پیدا ہونے والی بندشوں پر عوامی تحفظات کا جائزہ لینا تھا۔
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے خدشات دور کیے جائیں اور متبادل سہولیات فراہم کی جائیں۔
اس موقع پر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور بلال اظہر کیانی کی جانب سے جہلم میں جاری ترقیاتی کاموں پر خصوصی کاوشوں کو سراہا گیا اور انہیں ہدیۂ تہنیت پیش کیا گیا۔ میزبان چوہدری عجائب نے معزز مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جبکہ اجلاس کے دوران بانی فورم محمد غیاث بلبن نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے اختتام پر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی جو کہ فورم کے پیٹرن ان چیف بھی ہیں نے یقین دہانی کرائی کہ تحصیل روڈ پر درپیش رکاوٹوں اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے وہ ڈپٹی کمشنر جہلم کو ضروری ہدایات دیں گے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ مل کر جلد عملی اقدامات کریں گے۔
شرکاء نے جنرل صاحب کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم کی اپ گریڈیشن کے عمل کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا جس سے مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
سول سوسائٹی آرگنائزیشن فورم کی خواتین ونگ کی صدر اور دیگر خواتین اراکین نے بھی اپنے مسائل پیش کیے اور جاری ترقیاتی اقدامات پر اظہارِ تشکر کیا۔
اجلاس کے اختتام پر میزبان کی طرف سے پر تکلف عشائیہ دیا گیا۔ تمام معززین نے اس بامقصد محفل کو سراہتے ہوئے اسے شہر کی ترقی کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا