سعودی عرب (ادریس احمد سے )ریاض میں پاکستان ڈاکٹرز گروپ ریاض (PDGR) کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبۂ صحت سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور رضاکاروں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ کیمپ میں 600 سے زائد مریضوں کا مفت چیک اَپ، ضروری لیب ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی گئیں، جبکہ کمیونٹی کی جانب سے اس عظیم خدمت کو بے حد سراہا گیا،تقریب میں سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے خصوصی طور پر شرکت کی اور کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی ڈاکٹرز کمیونٹی خدمتِ خلق کی بہترین مثال پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے فری کیمپ کے انعقاد پر ڈاکٹر محمد شہزاد، ڈاکٹر اسد اللہ رومی اور پوری PDGR ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ تعریف قرار دیا،صدر PDGR ڈاکٹر محمد شہزاد نے بتایا کہ کیمپ کا مقصد کمیونٹی کو ایک ہی جگہ جامع صحت کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ ماہرینِ امراضِ قلب، گردے، دانت، گائینی، آرتھوپیڈکس، جنرل میڈیسن اور بچوں کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز نے بڑی تعداد میں مریضوں کا معائنہ کیا اور رہنمائی فراہم کی،پاکستان حج والینٹر گروپ (PHVG) اور پاکستان انٹرنیشنل سکول ریاض (PISR) کے طلبا و طالبات کی خدمات بھی نمایاں رہیں،رضاکاروں نے مریضوں کی رہنمائی، رجسٹریشن، لائن مینجمنٹ، وہیل چیئر اسسٹنس، پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کیا، جس کی بدولت کیمپ کا انتظام نہایت منظم اور مؤثر رہا۔ طلبا و طالبات نے خدمتِ خلق کے عملی جذبے کا ثبوت دیتے ہوئے ہر مرحلے میں انتظامیہ کی معاونت کی، جسے شرکاء نے بھرپور سراہا،شرکاء نے فری کیمپ کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک مثالی اقدام قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات معاشرتی خدمت کے فروغ کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ PDGR نے اعلٰان کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کے کیمپس کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک صحت کی سہولتیں پہنچائی جا سکیں





