نومبر 4, 2026

چوہدری شافع حسین کا کسان کارڈ ڈسٹری بیوشن سنٹر کا افتتاح

گجرات(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کسان کارڈ ڈسٹریبیوشن سینٹر کا افتتاح کیا اور کسانوں میں کسان کارڈ تقسیم کئے، افتتاحی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد کی گئی ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک، ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد اطہر لطیف اس موقع پر موجود تھے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس کسان کارڈ پروگرام کے ذریعے صوبے بھر کے پانچ لاکھ کسانوں کو 75 ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ یہ پروگرام زمینداروں اور کاشتکاروں کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہوگا، جس سے زرعی شعبے میں نمایاں ترقی متوقع ہے اور ملک میں زرعی انقلاب کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو میرٹ پر کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں، اور اس عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ ضلع گجرات میں 18 ہزار رجسٹرڈ کسانوں کو مرحلہ وار کسان کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے ضلع میں 3 مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں محکمہ زراعت اور پنجاب بینک کے افسران کسان کارڈز کا اجرا کر رہے ہیں۔ کسانوں کو فی ایکڑ 30 ہزار روپے تک بلا سود قرضے دیے جائیں گے، اور ہر کسان کو پانچ ایکڑ تک ڈیڑھ لاکھ روپے تک کا قرضہ فراہم کیا جائے گا، جس سے وہ زرعی ادویات، کھاد، بیج اور دیگر ضروریات پوری کر سکیں گے، حکومت پنجاب کسانوں کے لئے گرین ٹریکٹر اسکیم بھی متعارف کروا چکی ہے جس میں کسان کو ٹریکٹر کے حصول کے لیے 10 لاکھ روپے کی سبسڈی حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کی جائے گی۔