نومبر 4, 2026

گجرات کی ترقی کیلئے جان لڑا دینگے:چوہدری شافع حسین

گجرات(نمائندہ خصوصی)گورنمنٹ سویڈش پاکستانی کالج آف ٹیکنالوجی گجرات میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریبِ تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا،صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے،چیئرپرسن ٹیوٹا بریگیڈیئر (ر) محمد ساجد کھوکھر، سینئر ڈی جی ٹیوٹا اختر عباس بھروانہ، پرنسپل انجینئر سرفراز احمد قادری اور طلبہ و طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے اور انہیں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سویڈش پاکستانی کالج ایک تاریخی ادارہ ہے جو 1964 میں قائم ہوا، اور اس کے قیام میں چوہدری ظہور الٰہی شہید کا بڑا کردار رہا ہے،وزیر صنعت و تجارت نے مزید کہا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت ٹیوٹا کے اداروں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے، جس میں پہلے مرحلے میں سویڈش پاکستانی کالج آف ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔ٹیوٹا اداروں میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق پروفیشنل کورسز متعارف کروائے جارہے ہیں، اور مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق کورسز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیوٹا کے اداروں میں بین الاقوامی زبانیں بھی سکھائی جارہی ہیں، اور یہاں سے کورسز مکمل کرنے والے بچوں کے روزگار کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔تقریب میں انہوں نے اعلان کیا کہ گجرات میں اڑھائی سو ایکڑ رقبے پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جارہی ہے، اور مہنگی بجلی سے پیدا ہونے والے مسائل کا حل سولر انرجی کے ذریعے کیا جائے گاصوبائی وزیر نے گجرات کے انفراسٹرکچر کی بربادی کی وجہ سابق حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن کو قرار دیا اور کہا کہ ہم چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں گجرات کی ترقی کے لیے جان لڑا دیں گے،پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو 25 ہزار، دوسری پوزیشن پر 15 ہزار اور تیسری پوزیشن پر 10 ہزار روپے کے انعامات دیے گئے، جبکہ پوزیشن ہولڈرز کو میڈلز بھی پہنائے گئے۔