منڈی بہاؤالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور) پھالیہ میں سید اسد اعجاز نقوی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جان بحق، تفصیلات کے مطابق پھالیہ کے معروف سیاسی و مذہبی گھرانہ کے چشم وچراغ سید اسد اعجاز نقوی اپنے گھر کے باہر کھڑے موبائل فون پر کسی سے بات کر رہے تھے کہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جان کی بازی ہار گئے۔یاد رہے کہ سید اسد اعجاز کے والد سید اعجاز حسین نقوی کوبھی 2004 میں مذہبی مخالفت میں 10محرم الحرام دن دیہاڑے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ عید الاضحیٰ سے چند روز قبل ہی مقتول سید اسد اعجاز نقوی اور ان کے چچا سید ذوالفقار علی نقوی بیرون ممالک سے وطن واپس آئے تھے ۔ تھانہ پھالیہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو قبضہ میں لے کر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پھالیہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے پہنچا دیا ایس ایچ او تھانہ پھالیہ محمد آصف رانجھا کا کہنا تھا کہ شواہد اکٹھے کر رہے ہیں اور بہت جلد نامعلوم ملزمان تک پہنچ جائیں گے اور ذمہ داران کو گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا جائے گا۔





