منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ہوٹلز اور نان بائی ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد،اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی او انڈسٹریز سمیت نان بائی ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع منڈی بہاوالدین میں سرکاری نرخ کے مطابق روٹی 15اور نان 20روپے میں فروخت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے نان بائیوں کو ہدایت کی کہ وہ روٹی اور نان کے نرخوں کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں جہاں سے گاہک کو نرخ آسانی سے نظر آ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ حکومتی ہدایت کے مطابق مقررہ نرخ پر روٹی اور نان کی فروخت کے ساتھ وزن کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف کاروائی جاری رہے گی۔اجلاس میں نان بائیوں کے گزارشات اور مسائل بھی سنے گئے جن کو ڈپٹی کمشنر نے آئندہ اجلاس تک حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔





