نومبر 4, 2026

کھاریاں: اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلویؒ بہت بڑے مجدد اور سچے عاشقِ رسولﷺ تھے، قاری نصیر احمد کلیار

کھاریاں(اصغر علی منہاس ) علامہ مولانا قاری نصیر احمد کلیار اف پنڈی سلطان پور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلوی رحمتہ اللہ علیہ بہت بڑےمجدد، محدث، فقیہ عالمِ دین اور سچے عاشقِ رسولﷺ تھے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کو بے شمار علوم پر فضیلت حاصل تھی۔ اعلی حضرت احمد رضا خان بریلوی ہر وقت فراقِ عشقِ رسولﷺ میں تڑپتے رہتے تھے۔آپ رحمتہ اللہ علیہ فنا فی الرسولﷺ کے مرتبے پہ فائز تھے۔ آپکی مجلس میں ہر وقت نبیءِ کریمﷺ کی تعظیم و توقیر اور عظمت و عرفان کی باتیں ہوتی تھیں۔ اگرچہ ہم لوگ آپ رحمتہ اللہ علیہ کے عشقِ رسولﷺ کا صحیح معنوں میں اندازہ نہیں لگا سکتے تاہم آپکے نعتیہ کلام ” حدائقِ بخشش” کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ آپکے دل میں جو عشقِ مصطفیٰ ﷺ کا سُمندر موجزن تھا وہ بہت کم لوگوں کو بارگاہِ رب العزت جلا جلالہ سے عطا ہوتا ہے۔ میں نے آپکے عشق کا اندازہ حدائقِ بخشش کے مطالعہ سے اور اس شعر سے لگایا۔
پائے شاہ پر گریں یا رب تپشِ مہر سے جب
دِلِ بےتاب اُڑے حشر میں پارہ ہو کر

یعنی میدانِ محشر کی سخت گرمی، پیاس کی شدت سے لوگوں کی زُبانیں باہر آ رہی ہونگی ۔ تو ایسے میں اگر ہمارے پیارے آقا ﷺ ہمارے سامنے آ جائیں تو ہمارا دل تمام تر سختیوں اور آفتوں کو بُھلا کر پیارے آقا ﷺ کے مبارک قدموں پر قُربان ہوجائے گا۔اللہ پاک ہم سب کو بھی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمتہ الرحمٰن کے نعلین کے صدقے عشقِ رسول ﷺ کی نعمت عطا فرمائے۔ آمین