راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے 47 اشتہاری ملزمان کو 10، 10 برس قید اور فی کس 5، 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے سزا پانے والے تمام ملزمان کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ سزا پانے والوں میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب، علی امین گنڈاپور، شہباز گل، ذلفی بخاری اور دیگر شامل ہیں۔
عدالتی فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق یہ ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں کی منصوبہ بندی اور پرتشدد احتجاج میں مرکزی طور پر ملوث پائے گئے ہیں۔ ان پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے سنگین الزامات ثابت ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی، تاہم 47 ملزمان عدالت سے مسلسل غیر حاضر اور مفرور رہے جس پر ان کا علیحدہ ٹرائل چلا کر یہ فیصلہ سنایا گیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ مفرور ملزمان کو سرنڈر کرنے کا پورا موقع دیا گیا لیکن کسی نے بھی عدالت میں پیش ہونا گوارا نہیں کیا




