پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے اہم ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کا محور ایران کی جانب سے کیے گئے حالیہ ڈرون اور میزائل حملوں سے پیدا ہونے والی نئی سیکیورٹی صورتحال اور اس کے خطے پر اثرات تھے۔ دونوں رہنماؤں نے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت ان حملوں کو روکنے اور خطے کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی بھی ملک کی جانب سے بلاوجہ جارحیت نہ صرف علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہے بلکہ یہ امن کے لیے جاری مذاکرات کے امکانات کو بھی محدود کر دیتی ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور شہزادہ خالد بن سلمان نے امید ظاہر کی کہ ایران موجودہ حالات میں دانشمندی اور سمجھداری کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی محتاط حکمت عملی ہی دوست ممالک کو اس بحران کے پرامن حل کی کوششوں میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے باہمی دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور علاقائی امن کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔




