نومبر 4, 2026

ضلع گجرات میں 23ترقیاتی سکیمیں شامل کی گئی ہیں:ڈپٹی کمشنر

گجرات(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25 کے تحت ضلع گجرات کے لیے 23 اسکیمیں شامل کی گئی ہیں، جن کی تکمیل پر 6790 ملین روپے لاگت آئے گی۔ جبکہ جاری ترقیاتی پروگرام کے تحت 71 اسکیموں پر کام جاری ہے، جن پر 33514 ملین روپے لاگت آئے گی۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25 میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی 20 اسکیمیں شامل ہیں، جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی 1 اور اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی 2 اسکیمیں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ، سی ای او ایجوکیشن سید ولائیت اللہ شاہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ایکسیئن ہائی ویز محمد آصف، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر طاہر عزیز، ڈی او سپورٹس راحیل باجوہ، اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ثمن اعجاز سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی پروگرام کے تحت سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی 20 اسکیمیں شامل کی گئی ہیں، جن کا ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے اور ورک آرڈر بھی الاٹ کر دیے گئے ہیں۔ ان اسکیموں پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا اور ضلع کی تمام مرکزی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ منظور شدہ اسکیموں کی جلد از جلد مجاز فورم سے منظوری لی جائے اور تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جائے۔ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا، کام کی رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، اور منصوبوں کی تکمیل میں بلا جواز تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی ہدایت دی کہ تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے تمام میٹریل کی باقاعدگی سے ٹیسٹنگ کروائی جائے، اور ناقص میٹریل کے استعمال پر متعلقہ محکمے کے سربراہ اور ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔