دینہ (رضوان سیٹھی سے) دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر منشیات اسمگلروں کی اے این ایف کے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ سے 2اہلکاروں سمیت 3افراد جاں بحق، ترکی ٹول پلازہ پر اے این ایف فورس نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو منشیات اسمگلروں نے گاڑی بھگا دی، تعاقب میں آنے والی اے این ایف کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ملزمان واردات کے بعد پیدل قریبی پہاڑوں میں پیدل فرار ہو گئے جبکہ پولیس نے کار ڈرائیور اور گاڑی کو اپنے قبضہ میں لے لیا دیگر ملزمان کے لیے پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کر دیا جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کو ریسکیو 1122نے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کیا بعد ازاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال جہلم بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق دینہ کے قریب جی ٹی روڈ ترکی ٹول پلازہ کے مقام پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ناکہ لگا رکھا تھا کہ ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو منشیات اسمگلروں نے گاڑی تیزی سے بھگا دی جس پر اے این ایف فورس نے ڈومیلی موڑ کے قریب ملزمان کی گاڑی کو روکنے کے لیے پہنچے کہ اتنے میں منشیات اسمگلروں نے اے این ایف کی گاڑی پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل گلزار احمد عمر 40سال، ہیڈ کانسٹیبل ذیشان عمر 30سال موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ پرائیویٹ شخص رضاکار مظہر حسین عمر 30سال شدید زخمی ہو گیا جن کو ریسکیو 1122نے فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کیا بعد ازاں شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال جہلم بھجوا دیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد گاڑی کو چھوڑ کر پیدل قریبی جنگل میں فرار ہو گئے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقہ کی ناکہ بندی کر کے اسمگلروں کی تلاش شروع کر دی، اسمگلروں کی گاڑی اور منشیات تحویل میں لے لی گئی جبکہ گاڑی کے ڈرائیور شہزاد نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا پولیس کا کہنا ہے کہ بہت جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔





