جولائی 17, 2026

انگلش کرکٹرز کا آئی سی سی پر بڑا الزام: ویمن ورلڈکپ شیڈول میں بھارت کو فائدہ پہنچانے اور من پسند سیمی فائنل دینے پر سخت تنقید

انگلینڈ کی سابق خاتون کرکٹرز نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ویمن ورلڈکپ کے شیڈول میں واضح طور پر بھارتی ٹیم کو فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ انگلینڈ کی سابق کرکٹر کیٹ کراس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آئی سی سی اپنے دفاع میں یہ موقف اپناتا ہے کہ شیڈول براڈکاسٹرز اور ٹائم زون کے حساب سے ترتیب دیا گیا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ بھارت کو پہلے سے یہ گارنٹی دی گئی تھی کہ وہ پہلا سیمی فائنل کھیلے گا۔ انہوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی بھارتی ٹیم کھیلتی ہے تو سب کچھ پہلے سے طے شدہ ہوتا ہے، اور کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے کسی ایک ٹیم کو اس طرح ترجیح دینا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔

انگلینڈ کی ایک اور سابق ویمن کرکٹر ایلکس ہارٹلی نے بھی ان الزامات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف اس ایونٹ میں بلکہ اس سے قبل ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی بھارتی ٹیم کو سیمی فائنل کھیلنے کی پہلے سے گارنٹی فراہم کی گئی تھی۔ انگلش کرکٹرز کے ان بیانات نے عالمی کرکٹ میں شیڈولنگ کی شفافیت اور آئی سی سی کے کردار پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔