ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ایک اہم مقابلے میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا ہے۔ لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے اس میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے کپتان ہرمن پریت کور نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 27 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ شفالی ورما نے 34 اور سمرتی مندھانا نے 38 رنز کا تعاون پیش کیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے سوفی مولینکس نے 46 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت کے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ویمن ٹیم نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ ہدف 19 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ آسٹریلیا کی جیت میں ایلیسے پیری نے 56 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا اور وہ ٹاپ اسکورر رہیں، جبکہ ایشلے گارڈنر نے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ اس اہم میچ میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہو گئی ہے جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا نے ٹاپ فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔





