وفاقی کابینہ نے ملک میں نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے، جبکہ 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں وزارتِ خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز حاصل کی گئیں، جبکہ وزیراعظم کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے تمام متعلقہ فریقوں سے تفصیلی مشاورت کی۔
اعلامیے کے مطابق جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے نئے نوٹوں میں جدید سکیورٹی فیچرز اور بہتر میٹریل استعمال کیا جائے گا، جس سے نوٹوں کی پائیداری اور استعمال کی مدت میں بھی اضافہ ہوگا۔





