جون 2, 2026

نیویارک: پاکستانی نژاد امام احمد علی عزیر کمیشن برائے قومی مساوات میں دوبارہ کمشنر مقرر

ڈنگہ (محمد ندیم قادری) پاکستانی نژاد ممتاز دینی و سماجی شخصیت امام احمد علی عزیر کو نیویارک سٹی کے مئیر آفس کی جانب سے کمیشن برائے قومی مساوات میں دوبارہ تین سال کے لیے کمشنر مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس اہم کمیشن میں مجموعی طور پر 14 اراکین شامل ہیں جو نسلی، مذہبی، اور معاشرتی مساوات کے فروغ کے لیے کام کرتے ہیں۔امام احمد علی عزیر امریکا میں بین المذاہب ہم آہنگی، اقلیتی حقوق اور کمیونٹی سروسز کے حوالے سے ایک نمایاں نام رکھتے ہیں۔اس وقت وہ نیویارک پولیس کے 62 ویں پریسنکٹ میں آگزیلری کیپٹن اور 115 ویں پریسنکٹ میں کلرجی لیزون کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز میں بطور امام بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ نیویارک اسٹیٹ اسمبلی میں کسی پاکستانی نژاد امام کی حیثیت سے پہلے سینئر ایڈوائزر رہ چکے ہیں۔ان کی دوبارہ تقرری پر نیویارک سمیت امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں خوشی اور فخر کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں نے امام احمد علی کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی کامیابی کو پاکستانی امیگرنٹس کے لیے ایک مثال قرار دیا ہے۔امام احمد علی عزیر کو ان کے اس اعزاز پر ڈپٹی چیف چیپلن فورس نیو یارک میاں محمد انعام اللہ اور میاں طلحہ انعام نے انہیں مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی عالمی سطح پر پاکستانی کمیونٹی کا مثبت چہرہ پیش کرتے رہیں گے۔