چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمور ہو یا کشمیر ہو، ان دونوں شہروں کے عوام اپنے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ میاں نواز شریف نے گزشتہ دنوں آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ "کشمیر کو کشمور نہ سمجھنا، یہ میر پور ہے، میر پور خاص نہیں ہے”، اور بلاول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ "برخوردار بات کا بُرا نہ ماننا، پارٹیوں میں نوک جھونک ہونی چاہیے”۔
نواز شریف کو اسی انداز میں جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب برا نہ منائیں، کشمیر اور کشمور، میرپور اور میرپور خاص کے نام ہی نہیں بلکہ مزاج بھی آپس میں ملتے جلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پچھلے انتخابات میں کشمیر اور کشمور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مسترد کیا تھا اور ماضی میں میرپور آزاد کشمیر اور میرپور خاص میں ن لیگ کا صفایا ہوا تھا، آنے والے الیکشن میں بھی عوام یہی فیصلہ دہرائیں گے۔ بلاول نے عزم ظاہر کیا کہ 27 جولائی کو کشمیر میں تیر سے شیر کا شکار ہوگا۔





