جولائی 27, 2026

مہم جو انعم عزیر نے پاکستان کی پہلی 100 کلومیٹر گلیات ماؤنٹین ٹریل الٹرا میراتھون جیت لی

کوہ پیمائی اور ٹریل رننگ میں اپنی شناخت بنانے والی نامور مہم جو انعم عزیر نے پاکستان میں منعقد ہونے والی پہلی 100 کلومیٹر گلیات ماؤنٹین ٹریل الٹرا میراتھون جیت کر ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ دشوار گزار پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات اور قدرتی و وائلڈ لائف خطرات سے بھرپور اس سخت ترین مقابلے میں انہوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ شاندار کامیابی اپنے نام کی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انعم عزیر نے اپنی یہ کامیابی پاکستان کی تمام خواتین، خصوصاً خواتین رنرز کے نام کی اور عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل میں بھی مزید مشکل چیلنجز قبول کر کے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتی رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سفر میں آسمانی بجلی اور جنگلی حیات سمیت کئی خطرات کا سامنا تھا، لیکن انہوں نے حوصلے اور عزم کے ساتھ اس کٹھن راستے کو عبور کیا۔ فٹنس سے متعلق بات کرتے ہوئے انعم نے کہا کہ وہ روزانہ باقاعدگی سے ٹریننگ اور سیڑھیاں چڑھنے کی مشق کرتی ہیں اور فٹنس کو اپنی زندگی کا حصہ بنا چکی ہیں۔