جون 2, 2026

قاسم اور سلیمان کو پاکستان آنے سے کوئی نہیں روک سکتا: علیمہ خان

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان کے بیٹے قاسم اور سلیمان نے پاکستانی ویزا کے لیے برطانوی پاسپورٹ پر درخواست دے رکھی ہے، مگر تاحال ویزا جاری نہیں کیا گیا۔راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ دونوں بچوں کا نائیکوپ (NICOP) بنا ہوا ہے، تاہم اصل کارڈ گم ہو چکے ہیں، اس کے باوجود ویزا کے لیے تمام ضروری دستاویزات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر انہوں نے ایڈووکیٹ فیصل ملک کو کہا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری سے رابطہ کریں، کیونکہ وزارت داخلہ نے یہ کہہ کر خود کو الگ کر لیا ہے کہ عمران خان کے بچوں کی ویزا درخواستوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی سفیر نے بتایا تھا کہ وہ وزارت داخلہ سے اجازت لینے کی کوشش کریں گے۔ ان کے بقول، "ہمارے پاس بچوں کی ویزا درخواستوں کے ٹریکنگ نمبرز موجود ہیں، اور ہم ہر قانونی راستہ استعمال کر رہے ہیں۔”انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "قاسم اور سلیمان کو پاکستان آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اگر ویزا نہ ملا تو وہ دوبارہ کوشش کریں گے۔ ہم سفیر سے بھی رابطہ کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو طلال چوہدری سے بھی۔”علیمہ خان نے شکوہ کیا کہ حکومت اگر رکاوٹ نہیں بن رہی تو ویزا فوری جاری ہونا چاہیے۔ "ہم ٹریکنگ نمبر بھی دے چکے ہیں، اب کوئی بہانہ باقی نہیں رہتا۔”