نومبر 4, 2026

پاکستان انڈر 18بیس بال ٹیم کی این او سی کا معاملہ ، چائنیز تائپے میں بی ایف اے کا اہم اجلاس

شرکت کے لیے پاکستان فیڈریشن بیس بال کو منگل تک کی مہلت کا پیغام۔عدم شرکت پر بھاری جرمانہ و پابندی عائد کی جا سکتی ہے

کاغذات کے حوالے سے ہر طرح کی وضاحت دینے کے لیے تیار ہیں.حکومت سے استدعا ہے کہ این او سی جاری کی جائے سید فخر علی شاہ

لاہور(پرویز شیخ) پاکستان انڈر 18بیس بال ٹیم کو این او سی نہ ملنے کے معاملے اور ممکنہ عدم شرکت کے سلسلے میں چائنیز تائپے میں بیس بال فیڈریشن آف ایشیا کا اہم اجلاس ہوگیا۔ اجلاس میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کو ایشین انڈر 18بیس بال چیمپئین شپ تائیوان میں شرکت کے منگل تک کی مہلت دے دی گئی ہے۔ پاکستان ٹیم کو پیر کو حکومت پاکستان کی جانب سے بروقت این او سی ملنے پر ٹیم منگل کی صبح تک رپورٹ کر سکتی ہے۔ ایشین انڈر 18 بیس بال چیمپئین شپ کی آرگنائز نگ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی عدم شرکت کا معاملہ زیر بحث آیا ہے۔ بی ایف اے نے پاکستان کو پیغام پہنچا دیا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکریٹری جنرل سید فخر علی شاہ نے میڈیا کے لیئے پرویز احمد شیخ سے گفتگو میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انکا کہنا ہے کہ بی ایف اے کی انٹیگریٹی کمیٹی معاملے کا جائزہ لے رہی ہے اور ہماری ٹیم نے شرکت نہ کی تو بھاری جرمانہ اور پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پاکستان ٹیم کو این او سی جاری نہیں کی تھی اور ٹیم باوجود تمام انتظامات و تیاریوں کے روانہ نہ ہوسکی تھی۔ ہماری حکومت سے استدعا ہے کہ این او سی جاری کی جائے کیونکہ ہماری کوشش ہے کہ پابندی لگے نہ پاکستان پر جرمانہ ہو۔ پاکستان باقاعدگی سے بی ایف اے کے ایونٹس میں حصہ لیتا ہے اب پابندی لگنے خدشہ ہے جو ہم نہیں چاہتے۔ ہم اس ضمن میں کاغذات کے حوالے سے ہر طرح کی وضاحت دینے کے لیے تیار ہیں۔