نومبر 4, 2026

منڈی بہاؤالدین: ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کاپنجاب سوشو اکنامک رجسٹری پروگرام کے تحت بننے والے مختلف رجسٹریشن سنٹرز کا اچانک معائنہ

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری پروگرام کے تحت بننے والے مختلف رجسٹریشن سنٹرز کا اچانک معائنہ کیا، انہوں نے رجسٹریشن سنٹرز پر ڈیٹا اینٹری عمل کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے سنٹر پر پینے کے صاف پانی، بیٹھنے کے مناسب انتظام سمیت دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح ضلع منڈی بہاوالدین میں بھی مستند ڈیٹا بنک کیلئے پنجاب سوشو اکنامک پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے،جس کے تحت سروے کے ذریعے کم آمدنی والے افراد کی نشان دہی ہو سکے گی۔اس سلسلہ میں ہر یو سی سطح پر 2 سے 3 سکولز میں رجسٹریشن سنٹرز بنائے گئے ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ کم آمدنی والے افراد اپنی رجسٹریشن بآسانی کروا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری پروگرام کا بنیادی مقصد کم آمدنی والے افراد کا مستند ڈیٹا اکٹھا کرنا ہے تا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود یا ریلیف کے منصوبوں سے حقیقی معنوں میں مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری پروگرام بارے آگاہی فراہم کریں تا کہ زیادہ سے زیادہ افراد اپنی رجسٹریشن کروا سکیں۔