منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)قائم مقام ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کی زیر صدارت مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متعلقہ محکموں کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین ندیم بلوچ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ اقبال، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 عمران خان سمیت ایریگیشن اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان اور دیگر متعلقہ افسران نے ضلع منڈی بہاوالدین میں ممکنہ سیلابی صورتحال، شہری سیلاب بارے اور اس سے متعلق کئے گئے انتظامات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات روکنے پر انسان کا اختیار نہیں لیکن پیشگی تیاری کر کے بڑے نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو محکمہ موسمیات سے رابطہ کر کے ممکنہ مون سون بارشوں اور دریاؤں میں پیشگی صورتحال سے متعلق با خبر رہنے کی ہدایت کی۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو دریاؤں، بیراجوں اور نہروں کے حفاظتی بندوں اور فلڈ پوائنٹس کی نگرانی، فلڈ ریلیف کیمپس کے قیام، مشینوں کی فٹنس اور آلات کے مکمل فنکشنل ہونے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر محکمہ اپنے اپنے تیار کردہ پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ تمام متعلقہ محکمے اپنے اپنے فلڈ ریلیف کیمپس کو مکمل فعال بنائیں،جن میں ادویات، جانوروں کیلئے چارہ، مشینری اور دیگر اشیائے ضروریات زندگی وافر مقدار میں موجود ہونی چاہیے۔





