نومبر 3, 2026

ایم بی ہائی سکول منڈی بہاؤالدین میں صبح نو سکول (ارلی مارننگ سکول) کا آغاز،کلاسز شروع

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کا ہنر سیکھنے والے بچوں کو رسمی تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے انقلابی اقدام، قائم مقام ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد نے ایم بی ہائی سکول منڈی بہاوالدین میں صبح نو سکول (ارلی مارننگ سکول) کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کر دیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایلیمنٹری گوجرانوالہ ساجدہ پروین، سی ای او ایجوکیشن چوہدری اورنگزیب، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت کے مطابق ایم بی ہائی سکول کو صبح نو سکول کا درجہ دے کر باقاعدہ کلاسز شروع کر دی گئی ہیں اور اساتذہ کا انتخاب کر کے ٹریننگ بھی کروا دی گئی ہے، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مختار احمد بدر کو فوکل پرسن بھی نامزد کر دیا گیا ہے۔ یہ صبح نو سکول صبح 7 بجے سے 10 بجے تک لگا کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویڑن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ہوٹلوں، دکانوں اور ورکشاپس میں کام کرنے والے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کیلئے پنجاب بھر کی طرح ضلع منڈی بہاوالدین میں بھی صبح نو سکول کا آغاز کر دیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ صبح نو سکولز کے بچے کلاسز لینے کے بعد دکانوں، ہوٹلوں یا ورکشاپس میں کام پر جا سکیں گے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں جلد مزید صبح نو سکولز قائم کئے جائیں گے۔تقریب سے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایلیمنٹری گوجرانوالہ ساجدہ پروین اور سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اورنگزیب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے ہنر سیکھنے والے بچوں کو صبح نو سکولز میں لازمی داخل کروائیں تا کہ وہ پڑھ لکھ کر ملک کی بہتر خدمت کر سکیں۔اس موقع پر پڑھائی میں دلچسپی پیدا کرنے کیلئے صبح نو سکولز کے بچوں کو سٹیشنری اور جوتے بھی فراہم کئے گئے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے صبح نو سکولز قائم کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے احسن اقدام قرار دیا ہے۔