منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے جنرل بس سٹینڈ منڈی بہاؤالدین کا اچانک دورہ کیا،انہوں نے وہاں مسافروں کیلئے دستیاب سہولیات جن میں مسافروں کے بیٹھنے کے انتظامات،صفائی ستھرائی،پینے کے صاف پانی، پنکھوں، واش رومز کے فنکشنل ہونے اور ضروری سامان کی دستیابی سمیت دیگر انتظامات چیک کئے۔ڈپٹی کمشنر نے ویٹنگ ایریا اور واش روم میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے سی ای میونسپل کمیٹی کو ویٹنگ ایریاز اور واش رومز کی حالت زار بہتر بنانے اور پینے کے صاف پانی کے کولرز لگانے کی ہدایت کی۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین کو جنرل بس سٹینڈ کو وقتا فوقتا چیک کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی واضح ہدایات ہیں کہ ٹرانسپورٹ سٹینڈز پر مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے اور مسافروں کی سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی غفلت، سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔





