نومبر 3, 2026

منڈی بہاؤالدین:ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا شوگر ملز روڈ پر قائم مویشی منڈی کا اچانک دورہ

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے آمدہ عیدالاضحی کے حوالے سے شوگر ملز روڈ پر قائم مویشی منڈی کا اچانک دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس پر خریداروں اور مویشیوں کیلئے سایہ دار جگہ،صفائی، پینے کے صاف پانی، پارکنگ،سکیورٹی، میڈیکل کیمپ، جانوروں کے لیے ویٹرنری ڈسپنسری کے انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے مویشی منڈی حکومتی ایس او پیز کے مطابق نہ ہونے اور ریسپیشن کاؤنٹر کو فعال نہ کرنے پر سی او میونسپل کمیٹی کی سرزنش کی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مویشی منڈیوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ جاری ہے۔ عیدالاضحیٰ کے حوالے سے قائم مویشی منڈیوں میں اعلیٰ نظم و نسق برقرار رکھا جائے اور مویشی منڈی میں قربانی کے جانورں کی خریدو فروخت کیلئے آنے والے افراد کیلئے سائے اور ٹھنڈے پانی کا مناسب انتظام ضرور کیا جائے۔ان کا کہنا تھا حکومت کی جانب سے قائم کردہ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی غیر قانونی مویشی منڈی کی اجازت نہیں ہے، خلاف ورزی کرنیوالے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔