سینٹر فارپلانٹ کنزرویشن جامعہ کراچی نے مختلف اقسام کے پھلوں، سبزیوں اور پودوں پر مشتمل 60 اقسام کے بیجوں کا بینک تیار کرلیا
عالمی حدت کی وجہ سے خطرناک موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیاں وقوع پذیر ہورہی ہیں جس سے پوری دنیا اور بالخصوص جنوبی ایشیائی ممالک متاثر ہو رہے ہیں۔ جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز نے کہا کہ موجودہ تناظر میں شدید گرمی کی لہر سے بچاؤ کیلئے شجرکاری ہی بہترین اقدام ہے، ہم یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ عالمی حدت کی وجہ سے خطرناک موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیاں وقوع پذیر ہورہی ہیں جس سے پوری دنیا اور بالخصوص جنوبی ایشیائی ممالک متاثر ہو رہے ہیں۔ شجرکاری ان تمام منفی اور خطرناک ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔ دو کروڑ سے زائد آبادی والا شہر کراچی ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے دو چار ہے جس کی ایک اہم وجہ بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹر فار پلانٹ کنزرویشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل بائیو ڈائیور سٹی ڈے کے موقع پر ڈاکٹر ایس آئی علی بوٹینیکل گارڈن جامعہ کراچی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں شہر بھر سے مختلف اسکولز اور جامعات کے طلباوطالبات نے اس موقع پر ہونے والی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا جس میں پلانٹیشن ڈرائیو، کچن، آرگینک گارڈننگ، سیڈ جرمینیشن، سیڈ کلیکشن، پلانٹس کلیکشن، ڈیجیٹل ڈسپلے، فوٹوگرافی اور پلانٹس شاپ کی سرگرمیاں شامل ہیں۔ جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد لائق تحسین ہے۔ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے نہ صرف شجرکاری میں اضافہ بلکہ پودوں سے لگاؤ اور انکی دیکھ بھال کرنے کے حوالے سے بھرپور آگاہی اور شوق کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد قیصر، رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف و دیگر اساتذہ اور طلبہ نے بھی مختلف اقسام کے پودے لگائے۔ قبل ازیں انچارج سینٹر فار پلانٹ کنزرویشن جامعہ کراچی ڈاکٹر روحی بانو نے تقریب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مذکورہ تقریب کا مقصد کراچی کے شہریوں اور بالخصوص بچوں میں شجرکاری مہم اور اس کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سینٹر فار پلانٹ کنزرویشن جامعہ کراچی کی جانب سے مختلف اقسام کے پھلوں، سبزیوں اور پودوں پر مشتمل ساٹھ اقسام کے بیجوں کا بینک بھی تیار کیا گیا ہے، مختلف اقسام کے بیجوں کے حصول کیلئے سینٹر ہذا سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔تقریب میں شرکت کرنے والے طلباوطالبات کو مختلف بیج اور پودے بطور تحفہ پیش کئے گئے۔




