کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے ۸۶ ویں یوم وفات کی مناسبت سے اردو لغت بورڈ، کراچی میں مذاکرہ بعنوان مفکر پاکستان کی فارسی شعری لفظیات اور مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ تقریب میں ڈاکٹر جاوید منظر صدر، مکتبہ عالمین اور ڈاکٹر شاہد ضمیر نے حاضرین کے سامنے علامہ اقبال کی فارسی لفظیات کے بارے میں کلیدی نکات پیش کئے. اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد ضمیر نے کہا کہ فرہنگ اقبال فارسی کی تدوین کا سہرا ادارہ ہذا کے مدیر اول نسیم امروہوی کے سر ہے. انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت ادارہ فروغ قومی زبان کے سربراہ ایک ایسی شخصیت ہیں جو فارسی زبان میں سند کا درجہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید منظر نے کہا کہ آج کا مذاکرہ اقبال کی فارسی شاعری کی جانب نوجوان نسل کی توجہ مبذول کروانے میں اہم کردار ادا کریگا. مذاکرے کے بعد شعری نشست کی صدارت تغز گو شاعر جاوید صبا نے کی، جان کاشمیری اور میجر اعظم کمال تقریب میں مہمانانِ اعزاز کی حیثیت سے جلوہ گر ہوئے اور دبستان کراچی کے نامور شعراء کرام نے اپنے کلام پیش کئے۔ جس میں تغزل آفرینی کیساتھ فکر اقبال سے خوشہ چینی کا رنگ نمایاں تھا. تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان کی جانب سے کلمات تشکر جواں سال محقق طارق بن آزاد نے پیش کئے اور لغت نویسی کے اس اہم ادارے کو فعال رکھنے اور یہاں موجود علمی سرمائے کو عصری تقاضوں کیمطابق محفوظ کرنے کے سلسلے میں سربراہ ادارہ کے وژن کا تذکرہ کیا جسے حاضرین کی جانب سے بھرپور انداز میں سراہا گیا. تقریب میں شعراء کرام، صاحبان ذوق اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ادارے کو اس تقریب کے انعقاد میں صدر مکتبہ عالمین ڈاکٹر جاوید منظر کا خصوصی تعاون حاصل رہا.



