نومبر 4, 2026

ڈی وارمنگ مہم یکم تا 3 اکتوبر تک جاری رہے گی:صفدر حسین ورک

گجرات(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ ضلع بھر میں پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ڈی وارمنگ مہم یکم تا 3 اکتوبر تک جاری رہے گی، جس میں 711,041 بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رکھنے کی دوا فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کی مہم کے دوران پہلی تا دسویں جماعت تک تمام بچوں اور 5 سے 14 سال کی عمر کے اسکول جانے والے بچوں کو ڈاکٹر کے مشورے سے Mebendazole 500mg نامی دوا کھلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ”آنتوں میں کیڑوں سے پیدا ہونے والی بیماریاں، جنہیں مٹی سے منتقل ہونے والے امراض بھی کہا جاتا ہے، خوراک سے غذائی قوت حاصل کرنے میں رکاوٹ بنتی ہیں جو خون کی کمی، غذائی کمی اور کمزور ذہنی و جسمانی نشوونما کا باعث بنتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دوا کا معیار ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (DRAP) اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب (DTL Punjab) سے تصدیق شدہ ہے۔ محکمہ صحت اس حوالے سے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دے اور 5 سے 14 سال تک کے بچوں کی 100 فیصد کوریج یقینی بنائے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کی صحت کو محفوظ بنائیں۔