اپریل 20, 2026

منڈی بہاؤالدین: ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو1122 کے زیر اہتمام دریائے چناب، قادرآباد کے مقام پر عملی مشقوں کا اہتمام کیا گیا

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر نگرانی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو1122 کے زیر اہتمام دریائے چناب، قادرآباد کے مقام پر عملی مشقوں کا اہتمام کیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے منعقدہ عملی مشقوں کا معائنہ کیا اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے ریسکیو / فلڈ ریلیف کیمپس لگائے گئے تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر عمران خان نے ڈپٹی کمشنر کو ریسکیو کیمپس کا دورہ کرایا اور تفصیلی بریفنگ دی، اس دوران فرضی مشقوں میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے سیلاب زدگان کو بذریعہ کشتی محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے فیلڈ ہسپتال منتقل کرنے کی عملی تربیت کا مظاہرہ کیا، اسی طرح دریا کی تہہ میں ڈوبتے شخص کو بچانے کیلئے ریسکیو کے غوطہ خوروں کی عملی مشق کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا ریسکیو 1122 سمیت تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ عملی مشقوں سے تمام اداروں کے دستیاب وسائل، آپس میں باہمی روابط، ممکنہ سیلاب پر ریسپانس اور آلات کی تیاریوں کا پتہ چلتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے گئے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کو ریسکیو 1122 اور ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر دریائی بندوں کو چیک کرنے کی بھی ہدایت کی