منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کا پرائس کنٹرول میکینزم پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد کی زیر صدارت عوام الناس کو سبزیوں میں ریلیف بہم پہنچانے اور مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام کیلئے سبزیوں کے آڑھتی حضرات کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں عید الاضحیٰ کی آمد سے قبل مخصوص سبزیوں جن میں پیاز، ٹماٹر، لہسن، سبز مرچ اور ادرک کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے، ڈیمانڈ، سپلائی،نرخ بارے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کا کہنا تھا کہ منڈی سے مارکیٹ تک سبزی و پھل کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ عید الاضحیٰ کی آمد پر طلب میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیائکی مناسب فراہمی کو یقینی بنایا جائے،سبزیوں کی ترسیل، کوالٹی اور نیلامی پر کڑی نگاہ رکھیں اور کسی بھی آئٹم کی سپلائی میں کمی نہ ہو تاکہ سبزی جو ہر گھر کی ضرورت ہے ان کی قیمتیں مستحکم رہیں۔انہوں نے آڑھتیوں سے کہاکہ وہ جائز منافع کمائیں اور نا جائز منافع خوری سے اجتناب کریں۔اس موقع پر آڑھتیوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام کی مکمل یقین دہانی کرائی۔





