جولائی 17, 2026

اہم پیش رفت: امریکا اور ایران کا ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق، منگل کو دوحہ میں مذاکرات ہوں گے

امریکا اور ایران نے کشیدگی کم کرنے کی جانب بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ امریکی نیوز ویب سائٹ نے ایک سینیئر امریکی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک نے نہ صرف حملے روکنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ اسی ہفتے باقاعدہ مذاکرات شروع کرنے پر بھی راضی ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کے دیرینہ تنازع کو حل کرنے کے لیے منگل کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک اہم ملاقات طے پائی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں ممالک کے تعلقات میں شدید تناؤ دیکھا گیا تھا۔ ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار کے مطابق، حالیہ امریکی حملوں اور مفاہمت کی یادداشت کی شرائط کی خلاف ورزی کے باعث ایران نے اتوار کو ہونے والے تکنیکی مذاکرات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ان میں حصہ نہیں لیا تھا، تاہم اب دونوں ممالک مذاکرات کی میز پر واپس لوٹنے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔