ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد پاکستانی سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد اور افغان صوبوں پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں انٹیلی جینس آپریشنز کرتے ہوئے مجموعی طور پر فتنتہ الخوارج اور جماعت الاحرار کے 29 کارندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ سرحدی علاقے میں جماعت الاحرار اور فتنتہ الخوارج کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 28 جون کو سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں ایک اہم آپریشن کیا جس میں خارجی کمانڈر خان فروش عرف زابل اپنے 3 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ عطا تارڑ کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بھارتی پراکسی جماعت الاحرار سے تھا۔
وزیر اطلاعات نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ افغان صوبوں پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں کی گئی کارروائی کے دوران 25 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کے مراکز میں ذخیرہ کیا گیا بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آپریشن عزم استحکام کے تحت دہشت گردوں اور فتنۃ الخوارج کے خلاف پاکستانی سکیورٹی فورسز کے آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں اور یہ کارروائیاں تب تک جاری رہیں گی جب تک غیر ملکی پیسے اور حمایت سے پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتیں مکمل طور پر بند نہیں ہو جاتیں۔





