لندن: ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کا انتہائی مایوس کن اور بدترین سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ لندن میں کھیلے گئے ایونٹ کے آخری میچ میں بھی پاکستانی ٹیم کو بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جہاں میزبان انگلینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے شکستِ فاش دی۔
میچ کے دوران انگلش کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پاکستانی ڈیفنس کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے نکولس بینڈوراک نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے، جبکہ ہنری کرافٹ، زیکری والیس، سیموئل ہوپر، سیموئل ٹیلر اور سام وارڈ نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
اس آخری شکست کے ساتھ ہی پاکستان ہاکی ٹیم نے پرو لیگ میں شرمناک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اپنے تمام 16 میچز میں ناکامی کا منہ دیکھا۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران پاکستانی فارورڈز صرف 22 گول اسکور کرنے میں کامیاب ہو سکے، جبکہ حریف ٹیموں نے گرین شرٹس کے کمزور دفاع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے خلاف مجموعی طور پر 79 گول داغے۔ یوں 16 میچوں کے اختتام پر پاکستان کا گول ڈیفرنس منفی 57 رہا۔





