اپریل 17, 2026

پاکستان سپر لیگ کی مختلف ٹیموں کے مالکان کی وزیر اعظم شہباز شریف سے اسٹیڈیمز میں شائقین کو داخلے کی اجازت دینے کی اپیل

پاکستان سپر لیگ کی مختلف ٹیموں کے مالکان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اسٹیڈیمز میں شائقین کو داخلے کی اجازت دینے کی اپیل کر دی۔
فرنچائز مالکان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پیغامات میں کہا گیا کہ پی ایس ایل صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ کا جشن ہے، جو فینز کے بغیر ادھورا ہے۔
لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، مگر شائقین کے بغیر اس کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں، اس لیے حکومت سے اپیل ہے کہ فینز کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔
راولپنڈیز کے مالک احسن طاہر کا کہنا تھا کہ کرکٹ فینز کے بغیر نامکمل ہے اور پاکستانی عوام ہی اس کھیل کی اصل طاقت ہیں۔
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل عوام کو متحد کرنے کا ذریعہ ہے اور شائقین کی موجودگی اس ایونٹ کی اصل روح ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے مؤقف اختیار کیا کہ گراؤنڈ میں فینز کی انرجی ہی پی ایس ایل کی دھڑکن ہے اور ان کے بغیر میچز کا لطف ادھورا رہ جاتا ہے۔
اسی طرح کراچی کنگز کے مالک نے بھی خالی اسٹیڈیمز پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کے بغیر پی ایس ایل کا ماحول متاثر ہو رہا ہے۔
مالکان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مناسب حفاظتی اقدامات کے ساتھ شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی جائے تاکہ پی ایس ایل کی اصل رونقیں بحال ہو سکیں