کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار ) اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول گلیانہ میں قائم امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے امتحانی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ شفاف اور منصفانہ امتحانی عمل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے امتحانی ہالز کا معائنہ کیا، طلبہ کے بیٹھنے کے انتظامات، نگرانی کے نظام اور سکیورٹی صورتحال کو چیک کیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ نقل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے طلبہ سے بھی بات چیت کی اور انہیں محنت اور ایمانداری سے امتحان دینے کی تلقین کی۔ اس موقع پر سکول انتظامیہ نے اسسٹنٹ کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام انتظامات حکومتی ہدایات کے مطابق مکمل کیے گئے ہیں۔
آخر میں اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل نے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم اور شفاف امتحانی نظام ہی طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔




