پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ان کے کیریئر کا سب سے قیمتی تجربہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنا اور 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کرنا ان کے کیریئر کے یادگار ترین لمحات ہیں۔ سرفراز احمد نے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلخانہ اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سب کی حمایت اور اعتماد ان کے لیے ہمیشہ باعثِ حوصلہ رہا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنا ان کے لیے کسی خواب کی تعبیر سے کم نہیں تھا۔ انہوں نے ہمیشہ نڈر اور مثبت کرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ ایک متحد اور مضبوط ٹیم بنانے کی کوشش کی۔
سرفراز احمد نے کہا کہ بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے باصلاحیت اور میچ ونر کھلاڑیوں کو ابھرتے دیکھنا ان کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بورڈ کی حمایت اور اعتماد انہیں ہمیشہ یاد رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہے گی اور وہ مستقبل میں بھی کسی نہ کسی شکل میں کھیل کی خدمت جاری رکھیں گے۔
کیرئیر پر ایک نظر:
سرفراز احمد نے پاکستان کی جانب سے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں مجموعی طور پر 6164 رنز اسکور کیے۔ بطور وکٹ کیپر انہوں نے وکٹوں کے پیچھے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز کیں۔
سرفراز احمد نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت بھی کی۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی جو قومی کرکٹ کی تاریخ کا ایک اہم کارنامہ سمجھا جاتا ہے۔ ان ہی کی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک بھی پہنچی۔
سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں 2018 میں "پرائڈ آف پرفارمنس” ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔




