پاکستان کرکٹ ٹیم نے 3 میچز کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 128 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48 اوورز میں 274 رنز بنائے۔ نوجوان بلے باز معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 75 رنز بنائے جن میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ سلمان علی آغا نے 64 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے 7 چوکے اور 2 چھکے لگائے، محمد رضوان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 31 اور فہیم اشرف نے 14 رنز اسکور کیے۔
بنگلا دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3 اور مہدی حسن میراز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہوا اور بنگلا دیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 24 ویں اوور میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ لٹن ڈاس 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، توحید نے 28 اور سیف حسن 12 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی فائنل الیون میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شامل حسین، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، عبدالصمد، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد وسیم شامل تھے۔
یہ کامیابی 128 رنز سے حاصل کرنے کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ پہلے ون ڈے میں بنگلادیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔




