سڈنی: آسٹریلیا کے نامور اور جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بین الاقوامی کرکٹ سے مکمل ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ان کا ایک دہائی سے زائد عرصے پر محیط شاندار اور کامیابیوں سے بھرپور بین الاقوامی کریئر اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 38 سالہ گلین میکسویل نے پیر کے روز اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ اپنی جارحانہ بیٹنگ اور بہترین فیلڈنگ کے لیے مشہور میکسویل نے آسٹریلیا کی جانب سے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس (ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) میں نمائندگی کی۔ وہ 2015 اور 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا اہم حصہ رہے، جبکہ 2021 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں بھی شامل تھے۔
میکسویل کے بین الاقوامی کریئر پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے مجموعی طور پر آسٹریلیا کی جانب سے 7 ٹیسٹ، 149 ون ڈے اور 130 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔
انہوں نے اگست 2012 میں افغانستان کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا۔ 149 ون ڈے میچوں میں انہوں نے 3 ہزار 990 رنز بنائے، جبکہ اس فارمیٹ میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 201 رنز رہا اور انہوں نے 77 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
ستمبر 2012 میں انہوں نے پاکستان کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا۔ اس کے بعد انہوں نے 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں شرکت کر کے 2 ہزار 897 رنز بنائے اور 51 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فارمیٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 145 ناٹ آؤٹ رہا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں میکسویل نے 2013 میں بھارت کے خلاف ڈیبیو کیا اور مجموعی طور پر 7 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا سب سے بڑا اسکور بھارت ہی کے خلاف 104 رنز تھا، جبکہ 127 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنا ان کی بہترین بولنگ کارکردگی رہی۔
اپنی جارحانہ بیٹنگ اور چھکے لگانے کی غیر معمولی صلاحیت کے باوجود وہ کچھ عرصے سے خراب فارم کا شکار تھے، جس کے باعث انہوں نے جون 2025 میں ہی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ گلین میکسویل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں عمان کے خلاف آخری بار آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی۔





