ملتان (پرویز شیخ): پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام ملتان کے تاریخی قلعہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں 27 ویں سید خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کا باقاعدہ رنگارنگ آغاز ہو گیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر ملتان عامر کریم خان تھے جنہوں نے چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ تقریب میں آمد پر فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر محمد حمود لکھوی، سیکرٹری جنرل طاہر محمود اور آرگنائزنگ سیکرٹری جمیل کامران نے مہمانِ خصوصی کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ تقریب میں کمپیئرنگ کے فرائض ڈائریکٹر سپورٹس ایم آئی ٹی ظفر شیروانی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
اس پروقار افتتاحی تقریب میں ڈویژنل اسپورٹس آفیسر عطا الرحمن خان، ڈی ایس او ملتان عدنان نعیم، فیڈریشن کے نائب صدر حیدر لیری، ویمن ممبر عائشہ ارم، چیئرمین کوچنگ کیپٹن (ر) سرفراز احمد، چیف ٹیکنیکل آفیشل ظفر حسین وڑائچ، نیشنل ٹیم کے کوچ ندیم سجاد شاہ، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نامزد آفیشل ندیم الدین خان اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے میڈیا ڈائریکٹر پرویز احمد شیخ کے مطابق چیمپئن شپ کے پہلے روز کھیلے گئے میچز میں پاکستان آرمی، بلوچستان اور سندھ کی ٹیموں نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔
روزِ اول کے پہلے میچ میں بلوچستان نے سندھ کو 0-9 کے واضح اسکور سے شکست دی، دوسرے میچ میں سندھ نے کم بیک کرتے ہوئے گلگت بلتستان کو 1-16 سے ہرایا، جبکہ تیسرے میچ میں پاکستان آرمی نے خیبرپختونخوا (کے پی کے) کو 0-13 سے اؤٹ کلاس کیا۔ ان میچز کی سپروائزری ظفر حسین وڑائچ، چوہدری ساجد، مخدوم مظفر عالم، عمران احمد مغل، زہیب ملک، طارق پاشا، زبیر وٹو، عبدالمجید اور عنایت اللہ نیازی نے انجام دی۔





