پشاور: قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کو آئینی عدالت میں چیلنج کریں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے باعث پورے ملک میں تشویش پائی جاتی ہے، اور جماعت اسلامی نے پہلے دن سے ہی صوبے میں گورنر راج کے اقدام کو مسترد کیا تھا۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ گورنر راج لگنے کے باوجود کوئی بڑا ردعمل سامنے نہیں آیا، کیونکہ پی ٹی آئی کے اپنے قائدین کے درمیان بڑا انتشار ہے اور عوام کو بھی اب پی ٹی آئی پر اعتبار نہیں رہا ہے۔
حکومتی مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کل اسلام آباد میں جماعت اسلامی اور وفاقی حکومت کے حتمی مذاکرات ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرولیم لیوی پر ریلیف نہ ملنے کی صورت میں دھرنے پھر سے شروع کیے جائیں گے، اور اگر حکومت کی جانب سے درست فیصلے نہیں کیے جاتے تو جماعت اسلامی اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی۔





