حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی ہوش ربا اضافہ کر دیا ہے۔ حالیہ فیصلے کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں یکمشت 130 روپے 8 پیسے فی لیٹر کا تاریخی اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 318 روپے 81 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 67 روپے 82 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے اس کی نئی قیمت 235 روپے ایک پیسہ مقرر کی گئی ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے اور لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی بھی عائد کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات ہی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے کا بڑا اضافہ کیا تھا، جس کے فوری بعد دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ اس فیصلے سے زراعت اور گھریلو ایندھن کے شعبے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔




