ستمبر 12, 2026

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: ویسٹ انڈیز کی زمبابوے کو 107 رنز سے شکست

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 107 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم یہ فیصلہ اس کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔ ویسٹ انڈیز کے بیٹرز نے چھکوں اور چوکوں کی برسات کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 254 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

شمرون ہیٹمائر اور رومین پاول نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ ہیٹمائر نے 85 جبکہ پاول نے 59 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، دونوں بیٹرز نے مجموعی طور پر 11 چھکے اور 11 چوکے جڑے۔ آخری اوورز میں شرفین ردرفورڈ نے 31، شیفرڈ نے 21 اور جیسن ہولڈر نے 13 رنز بنا کر اسکور 254 تک پہنچایا۔ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعہ ہے۔

زمبابوے کی جانب سے موزاربانی اور اینگراوا نے دو، جبکہ بریڈ ایونز اور کریمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

255 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی اور پوری ٹیم مقررہ اوورز سے قبل 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بریڈ ایونز 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کے گڈاکیش موتی نے 4 اور اکیل حسین نے 3 وکٹیں حاصل کر کے حریف بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔

یاد رہے کہ اسی گروپ کے گزشتہ میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو شکست دی تھی، جس کے بعد گروپ کی صورتحال مزید دلچسپ ہو گئی ہے۔