ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم معرکے میں پاکستان آج انگلینڈ کے مدمقابل ہوگا۔ قومی ٹیم کے لیے سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار کرنے کے لیے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے۔
پاکستان کا گزشتہ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کے ایک میچ کے بعد صرف ایک پوائنٹ ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ نے اپنے پہلے میچ میں میزبان سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دے کر دو پوائنٹس حاصل کیے اور اس کا رن ریٹ بھی مثبت 2.55 ہے، جو اسے برتری فراہم کرتا ہے۔
میچ پالیکیلے اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔ کرکٹ شائقین کی نظریں اس سنسنی خیز مقابلے پر جمی ہوئی ہیں جہاں قومی ٹیم کو ہر شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔



