وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا خواب ان شاء اللہ جلد شرمندہ تعبیر ہونے والا ہے۔ انہوں نے یہ بات آئی ایم ایف کی جانب سے حکومتی معاشی اصلاحات اور موثر اقدامات پر اطمینان کے اظہار کے بعد اپنے ردِعمل میں کہی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کے نفاذ اور معاشی استحکام کے سفر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی معاونت کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے تسلیم کیا جانا دراصل معاشی ٹیم، خصوصاً وزیر خزانہ کی مسلسل محنت کا واضح ثبوت ہے، اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان درست سمت میں ضروری معاشی اقدامات پر عمل کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈیفالٹ کے دہانے سے ملک کو نکال کر استحکام کی طرف لانا انتہائی مشکل مرحلہ تھا، مگر یہ سب اس وقت ممکن ہوا جب سیاسی قوتوں نے سیاست کی قربانی دی اور عوام نے معاشی مشکلات برداشت کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن آج دنیا کے لیے کامیاب کیس اسٹڈی بن چکی ہے۔ وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ معاشی ترقی کا سفر اب تیزی سے آگے بڑھے گا، تاہم اس راستے پر مزید محنت کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بطور خادمِ پاکستان وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک بیرونی قرضوں سے مکمل نجات حاصل نہیں کر لیتا۔ ان کے مطابق وہ وقت دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر خود کفیل ہوگا۔





