پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے اب تک کے غیر حتمی نتائج سامنے آنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جی بی میں تیر کی بارش ہو رہی ہے اور پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ایکس (ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے اور ہم حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ وہ عوام کے اعتماد پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے اب تک 24 میں سے 12 نشستوں کے مکمل غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں۔ ان غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے 7، آزاد امیدواروں نے 3، جبکہ مسلم لیگ (ن) اور مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے ایک ایک نشست حاصل کرلی ہے۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 4، 5، 7، 9، 10، 11 اور 19 پر پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی جبکہ جی بی اے 22 پر ن لیگ اور جی بی اے 8 پر ایم ڈبلیو ایم جیتی ہے، اور حلقہ جی بی اے 3، 23 اور 24 پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔





