شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 27 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران میرعلی اور میران شاہ میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں پر مؤثر کارروائیاں کیں، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلوں میں فتنہ الخوارج کے 27 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ یہ عناصر متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بےگناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی اس ہلاکت سے میران شاہ میں ممتاز شخصیت شہید ملک سیف اللہ داوڑ کی ٹارگٹ کلنگ کا بدلہ بھی لے لیا گیا ہے اور اس گھناؤنے جرم کے مرتکب عناصر کو ان کے عبرتناک انجام تک پہنچا دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں چھپے مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز اب بھی جاری ہیں، جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزم استحکام کے مطابق اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے اور ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ انسدادِ دہشت گردی مہم مستقل جاری رہے گی۔





